وفاقی کابینہ ، بلوچستان میں انسدادِ منشیات کے مقدمے نمٹانے کیلئے مکران ڈویژن میں اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری

مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کرنے کی منظوری دیدی گئی متعدد کمپنیوں کا پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار ، کابینہ کی پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت

جمعہ 26 اپریل 2024 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وفاقی کابینہ نے بلوچستان میں انسدادِ منشیات کے مقدمے نمٹانے کیلئے مکران ڈویژن میں اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی اور مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کرنے کی منظوری دیدی جبکہ متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس پر کابینہ نے پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی ہے ۔

جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون وانصاف کی سفارش پر صوبہ بلوچستان میں انسدادِ منشیات کے مقدمے نمٹانے کے لیے مکران ڈویژن میں ایک اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری دے دی اس خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار ضلع پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ تک ہوگا۔

(جاری ہے)

کابینہ نے ہدایت کی کہ خصوصی عدالت میں اچھی شہرت کے ججز تعینات کیے جائیں اور استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ وفاقی کابینہ نے سیفران کی سفارش پر افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس توسیع سے پی اوآر کارڈ ہولڈرز پاکستان میں اسکولوں، بنک اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں گے، ان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو وطن واپس کرنے کے پروگرام کے تیسرے مرحلے میں اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا. جبکہ بغیر کسی شناختی کاغزات کے پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو وطن واپس بھجینے کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

وفاقی سیکرٹری برائے نجکاری نے کابینہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی حالیہ پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اسے حوالے سے 2 اپریل کو قومی و بین الاقوامی اخبارات میں اظہارِ دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات شائع ہوچکے ہیں جن کی آخری تاریخ 3 مئی ہے اور اب تک متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

کابینہ نے پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت جاری کی۔کابینہ نے سیکرٹری ایوی ایشن سے پاکستان کے ہوائی اڈوں خصوصاً لاہور اور کراچی میں سہولیات کی بہتری کے حالیہ اقدامات پر بریفنگ لی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ہوائی اڈوں پر سروس کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے اور سہولیات کی مزید بہتری پر کام جاری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شعبہ زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کیلئے تمان اسٹیک ہولڈرز سے ڈرون پالیسی کے حوالے سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے اور جلد کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMAP) کے بورڈ کے چار ایکس آفیشو ممران کی تعیناتی کی منظوری د دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکی18 اپریل 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔