Live Updates

نواز شریف دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھا لیں ، رانا ثنا اللہ

جمعہ 26 اپریل 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ وہی ر ہے گا جس کی منظوری پارٹی قائد محمد نواز شریف دیں گے، مسلم لیگ(ن)پنجاب کی خواہش ہے کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھالیں،مسلم لیگ( ن) پارٹی میں اختلاف رائے کا احترام رکھتی ہے ،محمد نواز شریف کی قیادت میں پارٹی مزید مقبولیت حاصل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید لطیف اور خرم دستگیر خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ2017 میں نواز شریف کو سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا اورپارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیاتھا، پارٹی کا بیانیہ تبدیل نہیں ہوا بلکہ بیانیہ وہی رہے گا جو نواز شریف دیں گے، چاہے وہ مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)پنجاب کی خواہش ہے کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھا لیں اور اس مشکل وقت میں پارٹی کی قیادت کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ(ن)پہلے سے بھی بڑھ کر مقبولیت اور اپنا مقام حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام تنظیمی عہدیداران نے الیکشن سے پہلے اور بعد کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے موثر، دانشمندانہ اور قابل عمل تجاویز دی ہیں جنہیں مرتب کر لیا گیا ہے اور جیسے ہی محمد نواز شریف چین کے دورے سے واپس آتے ہیں تو قیادت کے سامنے یہ تجاویز پیش کی جائیں گی۔

صدر مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)کی حکومت عوام کو ریلیف دینے، مہنگائی کو دور کرنے اور عام آدمی کی زندگی کو آسان کرنے کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہیں اور اجلاس نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنی دونوں وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے ساتھ کھڑی ہے، مسلم لیگ(ن)کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ جب جب اسے موقع ملا تو اس نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کیں اورعوام کی زندگی کو آسان کیا، مسلم لیگ(ن)اپنے اس امتیاز کو برقرار رکھے گی بلکہ وزیر اعظم محمدشہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اس میں مزیداضافہ کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم وہی لیڈر شپ فراہم کریں گے جس کی عوام توقع کرتے ہیں، نواز شریف کی صدارت میں ہم اپنی کوتاہیوں اور کمزوریوں پر قابو پائیں گے اور امید ہے کہ اس کے بعد (ن )لیگ مقبولیت حاصل کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے شہباز شریف اور مریم نواز پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، شہباز شریف کی ذمہ داریوں کی وجہ سے پنجاب کی قیادت نے نواز شریف کو صدر بنانے کی تجویز دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بازی نہیں، محمد شہباز شریف کونواز شریف کی قیادت پر اتنا ہی یقین یا ان کی اتنی ہی وفاداری ہے جتنی میری یا میرے دائیں اور بائیں بیٹھے افراد کی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر نے کہاکہ وفاق میں جتنے بھی فیصلے ہوئے ہیں ان میں کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں جس کی شہباز شریف نے نواز شریف سے منظوری نہ لی ہو۔ بانی پی ٹی آ ئی کی ضمانت اور ممکنہ رہائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیر بانی پی ٹی آ ئی نہیں بلکہ وہ تو ہم ہیں، اگر عدالتیں اسے رہا کرتی ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں مگر بانی پی ٹی آئی کے غیر سیاسی رویے اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک نے نقصان اٹھایا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات