Live Updates

پی ٹی آئی کا امریکہ کو دو اڈوں کی فراہمی کی اطلاعات پر حکومت سے معاملے کی حقیقت قوم کے سامنے رکھنے کا مطالبہ

امریکہ کو اڈوں کی فراہمی قومی مفادات سے متصادم ،حکومت سے فوری جواب طلبی کی متقاضی ہیں، ترجمان رجیم چینج سازش اور عمران کو سیاست سے مائنس کرنے کے مذموم منصوبوں کے محرکات قوم پر نمایاں ہورہے ہیں، بیان

جمعہ 26 اپریل 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پی ٹی آئی نے امریکہ کو دو اڈوں کی فراہمی کی مبینہ اطلاعات پر وزیراعظم سے فوری معاملے کی حقیقت قوم کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رجیم چینج سازش اور عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کے مذموم منصوبوں کے محرکات قوم پر نمایاں ہورہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نے قوم کو اعتماد میں لئے بغیر امریکہ کو دو ہوائی اڈوں کی فراہمی کی مبینہ اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے امریکہ کو دو اڈوں کی فراہمی کی مبینہ اطلاعات نہایت تشویشناک، قومی مفادات سے متصادم اور حکومت سے فوری جواب طلبی کی متقاضی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں قائم سرکار خارجہ امور اور قومی سلامتی سے جڑے حساس معاملات میں قومی امنگوں سے یکسر متصادم روش کی جانب بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کے حوالے سے حکومتی پالیسی غیرشفاف، شکوک و شبہات سے بھرپور اور سودے بازی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ خاموشی سے بھارت اور اسرائیل پر پاکستان کے اصولی موقف کی جڑیں کھودنے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو کسی نئے بیرونی تنازعے خصوصا مسلم ہمسایہ ممالک کیخلاف امریکی ایجنڈے کا ایندھن بنانے سے گریز کرے۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت امریکہ کو اڈوں کی فراہمی بارے حقائق قوم کے سامنے رکھے اور بتائے کہ ان اطلاعات میں کتنی صداقت ہے۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے امریکہ کو فراہم کی جانے والی اس نئی سہولت کے اسباب و محرکات کیا ہیں اور اس باب میں طے پانے والے سمجھوتے کی نوعیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجیم چینج سازش اور عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کے مذموم منصوبوں کے محرکات قوم پر نمایاں ہورہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمان میں بھی معاملے کو اٹھائے گی اور حکومت سے جواب مانگا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات