ڈیرہ اللہ یار ،88 لاکھ روپے کی ڈکیتی ،موٹرسائیکل سنیچنگ مزاحمت پر نوجوان کی ہلاکت کیسز میں ملوث ملزمان گرفتار

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:16

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) ڈی آئی جی نصیرآباد پولیس ملک سلیم لہڑی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اللہ یار میں 88 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور موٹرسائیکل سنیچنگ کے دوران مزاحمت پر نوجوان راہگیر کے قتل کیسز میں پولیس نے اہم کامیابی حاصل کر لی ہے، تین ایس ایس پیز کی سربراہی میں قائم پولیس اسپیشل ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا ہے، ایس ایس پی دفتر ڈیرہ اللہ یار میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید، ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر سمیع ملک، ایس ایس پی صحبت پور غلام حسین باجوئی، ڈی ایس پی سرکل ڈیرہ اللہ یار محمد دائد کھوسہ، ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار غلام قادر رند، طارق علی بہرانی سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے، ڈی آ?ی جی نے کہا کہ مارچ میں پیٹرول پمپ مالک فہد کھوسہ سے 88 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور تھانہ کیٹل فارم کی حدود میں موٹرسائیکل سینچنگ کے دوران مزاحمت پر راہگیر نوجوان فیاض رند کے قتل کیسز پولیس کے لیے چیلنجز تھے تاہم ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید، ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر سمیع ملک اور ایس ایس پی صحبت پور غلام حسین باجو?ی کی سربراہی میں اسپیشل ٹیم کے اہلکاروں ڈی ایس پی محمد دائد کھوسہ، ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار غلام قادر رند، طارق علی بہرانی و دیگر نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف ملزمان کا سراغ لگایا بلکہ انتھک محنت اور جانفشانی سے کارروائیاں عمل میں لاکر 2 اہم اور مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ رقم برآمد کی، راہگیر فیاض رند کے بلائینڈ کیس میں بھی پولیس کے افسران نے مہارت کے ساتھ ملزم کا سراغ لگا کر دھر لیا، ڈی آ?ی جی نے کہا کہ جعفرآباد پولیس امن امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے کوشاں ہے، ہمارے افسران نے عید کے روز بھی فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملزمان کا تعاقب جاری رکھا اور اہم کامیابی حاصل کی، اپنی طرف سے ٹیم اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے نقد انعام اور سند دینے کا اعلان کرتا ہوں اور محکمانہ طور پر آئی جی بلوچستان سے بھی ٹیم اہلکاروں کے لئے انعام کی سفارش کرونگا، ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ جعفرآباد پولیس نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 131 ملزمان کو گرفتار کیا اور انکے قبضے سے 9 عدد پستول، 9 عدد میگزین اور گولیاں برآمد کیں، چوری اور ڈکیتی شدہ 5 موبائل 6 موٹرسائیکلیں اور ایک کار برآمد کی، گرفتار ملزمان ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور اہم انکشافات بھی متوقع ہیں، ڈی آئی جی ملک سلیم لہڑی نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لیے پولیس متحرک ہے اوستہ محمد میں دیرپا قیام امن کے لئے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے، سٹی تھانہ کے ایس ایچ او عبدالروف جمالی نے ڈکیتی واردات میں ملوث ملزمان کا چند روز میں سراغ لگا کر انہیں دھر لیا ہے، امن امان کی بحالی کے لیے عوام اور تاجروں کا پولیس سے تعاون ناگزیر ہے، شہری اتحاد اور انجمن تاجران اپنے کاروباری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرائیں انسٹال کرئیں اور پولیس سے بھرپور تعاون رکھیں۔