Live Updates

فارم 47 کی ناجائز مسلط کردہ مینڈیٹ چور جعلی وفاقی حکومت کی کوئی قانونی اور اخلاقی حیثیت نہیں، وزیر قانون خیبرپختونخوا

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کوہاٹ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان، بشری بی بی، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی غیرقانونی قید و بند سے رہائی اور فارم 47 کی ناجائز مسلط کردہ جعلی وفاقی حکومت، ملک میں آئین و قانون کی پامالی اور لاقانونیت کے خلاف پنڈی ہائی وے پل تا کچہری چوک خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ کی زیر قیادت ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی شفیع جان اور داؤد خان آفریدی، تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال، تحصیل چیئرمین لاچی احسان خان، سابق ضلع ناظم نسیم آفریدی، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کچہری چوک کوہاٹ پر ریلی نے ایک بڑے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سمیت سینکڑوں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر غیر قانونی طور پر پاپند سلاسل رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین سمیت تمام کارکنوں کی با عزت رہائی تک ہمارا پرامن جدوجہد جاری رہے گا۔

آفتاب عالم آفریدی نے کہا کہ فارم 47 کی ناجائز مسلط کردہ مینڈیٹ چور جعلی وفاقی حکومت کی کوئی قانونی اور اخلاقی حیثیت نہیں بلکہ یہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو آئین و قانون کی پامالی اور لاقانونیت کاجواب دینا ہو گا۔ملک کو معاشی و سیاسی دلدل سے نکالنے کا واحد حل مینڈیٹ چور جعلی حکومت کا خاتمہ ہے جو انشاء اللہ جلد ہی ہو جائے گا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات