کراچی میں پانی کی سپلائی 24 گھنٹوں کیلئے معطل رہنے کا اعلان

شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے،ترجمان

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) کراچی واٹر کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 24 گھنٹوں کے لیے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی معطل رہنے کا اعلان کردیا۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیالیکٹرک کی جانب سے سالانہ مینٹیننس اور واٹر کارپوزیشن کی جانب سے لیکجز کی مرمت کے باعث 24 گھنٹوں کے لئے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی معطل رہے گی۔

واٹر کارپوریشن نے عوام سے اس دوران پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے مینٹیننس کا کام 29 اور 30 اپریل کی صبح 11 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق مینٹیننس کام کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈر پر بجلی کی سپلائی جزوی طور پر بند رہے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ہونے والے مینٹیننس کام کے باعث شہر کو مجموعی طور پر 165 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

ترجمان کے مطابق شٹ ڈائون کے دوران واٹر کارپوریشن کی جانب سے 84 انچ پی آر سی سی سائفن فیز ون پر اسپارکو، ڈاو اسپتال، کرن اسپتال اور کراچی یونیورسٹی کے سامنے لیکیجز کی مرمت کی جائے گی۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شٹ ڈاون کا دورانیہ مجموعی طور پر 48 گھنٹے ہوگا، اس دوران جمشید ٹاون، گلشن، کلفٹن، لیاری، اولڈ صدر ایریا، لالو کھیت اور ناظم آباد میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ترجمان واٹر کارپوریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔