حماس نے مخصوص تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کردی، اسرائیلی میڈیا کا دعوی

اسرائیل نے حماس کو دھمکی دی تھی کہ یرغمالیوں کی رہائی کی ڈیل قبول نہ کی تو رفح پر چڑھائی کردیں گے،رپورٹ

اتوار 28 اپریل 2024 12:00

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) اسرائیلی میڈیا کا دعوی ہے کہ حماس نے مخصوص تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سے پہلے اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو جائے تو رفح آپریشن ٹل سکتا ہے کیونکہ یرغمالیوں کی رہائی ہماری ترجیح ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیل نے حماس کو دھمکی دی تھی کہ یرغمالیوں کی رہائی کی ڈیل قبول نہ کی تو رفح پر چڑھائی کردیں گے۔حماس نے سیز فائر معاہدے کے لیے اسرائیلی حکام کی جانب سے جواب موصول ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ادھر حماس نی7 اکتوبرکویرغمال بنائے گئے دویرغمالیوں کی ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں نظر آنے والا ایک یرغمالی کیتھ سیموئل سیگل اسرائیلی نژاد امریکی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، اس کے علاوہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت اور امراض پھوٹنے کی وجہ سے بھی بچوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ادھر اقوام متحدہ نے گزشتہ روز اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 4 لاکھ سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جن کا ملبہ اٹھانے میں کم از کم 14 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔