ْمریم اورنگزیب کا سینئر سیاستدان ،پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر غم اور افسوس کا اظہار

اتوار 28 اپریل 2024 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے سینئر سیاستدان اور پارٹی راہنما افضل تارڑ کی وفات پر غم اور افسوس کا اظہار کیا۔سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے مرحوم کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افضل تارڑ کئی خوبیوں کا امتزاج تھے، جماعت اور عوام میں یکساں مقبول تھے۔

(جاری ہے)

افضل تارڑ کی تمام عمر عوام کی خدمت کرتے اور ان کے مسائل حل کرنے میں گزری۔قائدمحمد نوازشریف کے ساتھ تمام عمر وابستگی ان کا فخر رہا، قیادت پر ان کے اعتماد کو کوئی لالچ اور ترغیب کمزور نہ کرسکی۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وہ نسل در نسل مسلم لیگی تھے، سائرہ افضل تارڑ کی صورت میں ان کا عوامی خدمت کا مشن جاری ہے،افضل تارڑ صاحب کی کمی پوری نہیں ہوسکے گی، مریم اورنگزیب نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا۔