محکمہ تعلیم سمیت تمام محکمہ جات میں میرٹ پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنا دیا گیا ہے ،چوہدری محمد رشید

اتوار 28 اپریل 2024 18:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) آزاد کشمیر کے سنیئر پارلیمنٹیرین اور وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سمیت تمام محکمہ جات میں میرٹ پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنا دیا گیا ہے ،نوجوان محنت کریں اور اہلیت کی بنیاد پر میرٹ پر روزگار حاصل کریں ،موجودہ حکومت نے میرٹ کو صاف اور شفاف بنا کر نئی مثال قائم کر دی ہے ،اب وہی سرکاری نوکری حاصل کر سکے گا جو پی ایس سی اور این ٹی ایس کے تحت مقابلے کے امتحانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی رہائش گاہ پر حلقے سے آئے ہوئے نوجوانون کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ معلمین القرآن کی تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں ،پہلے سے تعینات معلمین القرآن جو اہلیت اور کوائف پورے کرتے تھے کو ترجیح دی گئی ہے ،آنے والے وقت میں ایلیمنٹری ٹیچرز کی تقرریاں بذریعہ تھرڈ پارٹی این ٹی ایس ہوں گی، انٹرویو کے 10 نمبر ختم کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام آدمی /متوسط طبقے کے بچوں کو جدید تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں آزاد کشمیر میں 3 دانش سکولوں کا اجرا کیا جا رہا ہے، مظفر آباد، پونچھ اور میر پور ڈویژن میں یہ سکول بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پونے سات ارب روپے کا اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے جو پراجیکٹ لانچ کیا جا رہا ہے اس میں 150 پرائمری سکولوں کی عمارتیں تعمیر ہوں گی اور اساتذہ کوتر بیت دی جائے گی، سکولوں میں فرنیچر سمیت تمام سامان فراہم کیا جائے گا، یہ پراجیکٹ سکولز سے آؤٹ 04 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کیلئے ہوگا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سکولوں میں بائیو میٹرک سسٹم لانچ کر دیا گیا ہے،ساتذہ کی حاضری کو تقریباً 100 فیصد یقینی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پر توجہ دیں کیونکہ تکنیکی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اندون ملک اور بیرون ملک باعزت روزگار کی سہولیات میسر آتی ہیں۔