ؔجماعت اسلامی نے گندم کے کاشتکاروں سے ہونی والی زیادتیوں کے خلاف ملک گیراحتجاج اور دھرنوں کا اعلان کردیا

اتوار 28 اپریل 2024 18:25

H فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) جماعت اسلامی نے گندم کے کاشتکاروں سے ہونی والی زیادتیوں کے خلاف ملک گیراحتجاج اور دھرنوں کا اعلان کردیا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں نے ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں وسط اپریل سے جاری بارشوں کی وجہ سے 64 لاکھ ایکڑ پر کاشت کی گئی فصل بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے 22 اپریل سے گندم خریداری شروع کرنا تھی۔ گندم خریداری میں تاخیر کے باعث کسان اپنی کاشت کی گئی گندم کو شہر کی سڑکوں پر بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔جماعت اسلامی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔جماعت اسلامی کے کارکن کسانوں کے ہمراہ30 اپریل کو پنجاب کے تمام اضلاع کی مرکزی شاہرات پر کسانوں کے حق کیلئے دھرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گندم کا بحران دن بدن بڑھتا جا رہا ہے، کسانوں کی چیخ و پکار پر بھی پنجاب حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔

حکومت نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے کہنے پر زراعت پر سبسڈی ختم کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، اس بار نہ صرف گندم کا ریٹ کم رکھا گیا بلکہ خریداری کے مرکز گندم خرید نہیں رہے جس کے باعث کسانوں کو مڈل مین سستے داموں لوٹ رہا ہے ،ایک مافیا ہے جو حکومت کی نااہلی کے باعث گندم کا قحط ہو یا فراوانی ہر دو صورتوں فائدہ اٹھاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت سبسڈی دے کر پوری گندم مارکیٹ سے خریداری کو مکمل کرے تاکہ عوام کے لیے آٹا اور روٹی دسترس میں رہے۔انہوں نے کہاکہکسانوں سے 3 ہزار روپے فی من سے بھی کم قیمت پر گندم خریدی جا رہی ہے،جس پر حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، پنجاب میں کاشتکار باردانہ کے حصول کے لیے خوار ہو رہے ہیں، حکومت کی ناقص پالیسیوں سے زراعت تباہ کسان برباد ہوگئے،کاشتکاروں کی گندم کھلے آسمان تلے کھیتوں میں پڑی ہے جب کہ گندم مافیا کسانوں کو لوٹ رہا ہے ۔