کراچی میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ پولیس اہلکاروںکو لاکر بسایا گیا ہی:ڈاکٹر سلیم حیدر

صوبائی حکومت مہاجر دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی، کراچی کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،چیئرمین مہاجراتحاد تحریک

اتوار 28 اپریل 2024 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور جرائم میں ملوث سندھ کے مختلف دیہی علاقوں سے لائے جانے والے پولیس اہلکاروں کی کراچی او رحیدرآباد میں تعیناتی کو صوبائی حکومت کی متعصبانہ سوچ اور جرائم کو فروغ دینے کی حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کو تباہ وبرباد کرنے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہی ہے ۔

ایک طرف توکراچی اور حیدرآباد میں جرائم پیشہ افراد جوکہ کچے کے علاقوں سے لاکر ان شہروں میں آباد کرائے گئے ہیں ، لوٹ مار کے ساتھ ساتھ شہریوں کو موت کی نیند سلارہے ہیں تو دوسری طرف کشمور، شکارپور سمیت دیگر کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کی سرپرستی کرنے والے نامزد پولیس اہلکاروں کو کراچی اور حیدرآباد میں تعینات کیا گیا ہے جس کا مقصد اب انہیں یہ موقع فراہم کرنا ہے وہ کراچی اور حیدرآباد کے تاجروں اور مہاجر عوام کو آزادانہ طورپر لوٹیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے وزراء اور اراکین اسمبلی جن کی بڑی تعداد خود جرائم کی وارداتوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی میں ملوث رہی ہے وہ اب کراچی اور حیدرآباد میں قابض ہوکر یہاں کے تاجروں اور شہری آبادی کویرغمال بنانا چاہتے ہیں ، جبر ، دھونس اور بدمعاشی کی بنیاد پر انہیں اپنا دست نگر بنانے کی کوشش کریں، انہوں نے کہاکہ مہاجروں نے نہ تو پہلے کسی کی غلامی قبول کی او رنہ ہی اب غلامی قبول کریں گے، پیپلزپارٹی روز اول سے مہاجر دشمن جماعت ہے اس میں شامل تمام مہاجروں کو چاہئے کہ وہ اپنی قومی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جماعت کو چھوڑ کر اس کی قیادت کو بے نقاب کریں۔

جبکہ کراچی کے تاجر اور عوام ان لٹیرے اورڈکیتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اس حکومت کو ٹیکس دینا بند کریں کیونکہ مہاجروں کے ٹیکسوں پر پلنے والی یہ حکومت مہاجروں کا معاشی اور سیاسی قتل عام کرنے میں مصروف ہے۔