قومی انسداد پولیو مہم کا (آج) سے آغاز، 2لاکھ سے زائد ورکرز ڈیوٹی دینگے

اتوار 28 اپریل 2024 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) وزارت صحت نے کہا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز (آج)پیر سے ہوگا، ذیلی انسداد پولیو مہم اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں چلے گی۔تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 2کروڑ 4424613بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔ مہم اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں چلیگی، چاروں صوبوں کے 91اضلاع میں مہم چلے گی۔

مہم کے دوران 2لاکھ 4107فرنٹ لائن پولیو ورکرز ڈیوٹی دیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم ملک بھر کی 3786یوسیز میں چلائی جائے گی، ملک کے 77اضلاع میں مکمل جبکہ 14میں جزوی انسداد پولیو مہم شیڈول ہے۔وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 2مراحل میں منعقد ہوگی، مہم کا پہلا مرحلہ 29اپریل تا 5مئی تک ہوگا۔

(جاری ہے)

پہلے فیز کے دوران 86اضلاع کی 3549یوسیز میں انسداد پولیو مہم چلے گی، پہلے فیز میں 2کروڑ 29لاکھ 13288بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مہم کا دوسرا مرحلہ 2تا 6مئی تک چلے گا، ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا دوسرا فیز خیبرپختوںخوا کے 5 اضلاع میں چلے گا، دوسرے فیز میں 5اضلاع، 237یوسیز میں 15لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔ذرائع نے کہا کہ اسلام آباد کی 80یوسیز میں 461125بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی، بلوچستان کے 30اضلاع میں 23لاکھ 95ہزار بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔خیبر پختونخوا کے 26اضلاع میں 44لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، مہم کے دوران 2لاکھ 4107فرنٹ لائن پولیو ورکرز ڈیوٹی دیں گے۔ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ ذیلی انسداد پولیو مہم میں 1لاکھ 64385موبائل ممبرز ڈیوٹی دیں گے۔ انسداد پولیو مہم میں 8004ٹرانزٹ اور 5565فکسڈ ممبرز ڈیوٹی دیں گے۔