بارش سے متعلقہ حادثات میں 10 افراد جاں بحق ،14 افراد زخمی ہوئے،پی ڈی ایم اے

پیر 29 اپریل 2024 14:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پی ڈی ایم اے کی جانب سے پچھلے دو روز کے دوران بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 10 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 6 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 5 مرد ،2خواتین اور7 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دیواریں،چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے مجموعی طور پر56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 51 گھروں کو جزوی اور5گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ،اسی طرح تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع باجوڑ ،سوات، مانسہرہ، بٹگرام، دیر لوئر مالاکنڈ، لکی مروت، کوہاٹ اورکزئی، شانگلہ، دیر اپر، بونیر، چترال لوئر، نوشہرہ اور مھمند میں رونما ہوئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی ٹیمیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بندشاہراؤں کو کھولنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بند سٹرکوں کو فوری بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔