سندھ ہائی کورٹ :اب سگنلز اور زیبرا کراسنگ کی کمی سے متعلق درخواست پر تمام متعلقہ اداروں سے 4 جون تک پیش رفت رپورٹ طلب

پیر 29 اپریل 2024 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں خراب سگنلز اور زیبرا کراسنگ کی کمی سے متعلق درخواست پر تمام متعلقہ اداروں سے 4 جون تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں خراب سگنلز اور زیبرا کراسنگ کے کمی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ڈی آئی جی ٹریفک نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی میں چار نئے ٹریفک لائٹ سگنلز لگائے گئے ہیں اور 8 اپ گریڈ کر دیئے گئے ہیں ۔کراچی میں 138 ٹریفک لائٹ سگنلز لگا دئیے گئے ہیں۔ٹریفک انجینئرنگ بیورو نے کے ڈی اے،ایگزیکٹو آفیسرز سی بی سی ٹریفک سگنلز کی اپ گریڈیشن کا کہا ہے۔کراچی ڈویژن کی سڑکوں پر روڈ پار کرنے والوں کے لئے زیبرا کراسنگ بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 20 اپریل سے زیبرا کراسنگ بنانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔عدالت نے شہر میں مجموعی طور پر کتنے زیبرا کراسنگ ہیں کتنے ٹریفک سگنلز ہیں کتنے سگنلز ٹھیک اور کتنے غیر فعال ہیں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔درخواست گزار واقف شاہ نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک سگنلز کی خرابی پیدل چلنے والوں کے ایکسیڈنٹ کا سبب بنتی ہے۔شہر میں زیبرا کراسنگ ختم ہونے سے بھی حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ ٹریفک سگنلز کی مینٹیننس پر 2014 سے 2022 کے دوران خرچ ہونے والی رقم کی تفصیلات طلب کی جائیں۔عدالت نے متعلقہ اداروں سے 4 جون تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی