صوبائی دارالحکومت میں بارش سے موسم خوشگوار،مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسار کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پیر کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر ایم ڈی واسا نے یہاں ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے،واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنایا جائے تاکہ مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے،تمام جنریٹرز آپریشنل اور سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں،بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل سٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے چلایا جائے۔