آئل گیس اور توانائی کی 18ویں نمائش POGEEمیں نئی عالمی ٹیکنالوجیز پیش کی جائیں گی

پیر 29 اپریل 2024 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) آئل ، گیس اور توا نائی کی 18ویں بین الاقوامی نمائش پوگی (POGEE-2024)مؤرخہ 8 مئی سے 10 مئی تک، ایکسپو سینٹر، لاہور میں منعقد ہو گی جس میں مذکورہ شعبے سے تعلق رکھنے والی نئی عالمی ٹیکنالوجیز پیش کی جائیں گی۔ اس نمائش کے لیے توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی ممتاز قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی کی جا رہی ہے۔

نمائش کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے پیگاسس کنسلٹنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر، عامر خانزادہ نے کہا کہ؛ پوگی(POGEE) کو خطے میں منعقد ہونے والی تیل اور گیس کی اہم نمائش کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور کووِیڈ کے وبائی مرض کیباعث ایک طویل وقفے کے بعداس شو کی واپسی کے باوجود صنعت کے عالمی کھلاڑیوں کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ 17 ممالک کی تقریبا 100 کمپنیوں نے نمائش میں شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں آسٹریا، بحرین، بیلجیئم، چین، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، پولینڈ، سلوواکیا، جنوبی کوریا، سویڈن، تائیوان، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے نمائش کنندگان شامل ہیں۔

پوگی (POGEE) کے ساتھ 15 ویں بین الاقوامی فائر، سیفٹی، سیکیورٹی اینڈ ہیلتھ ایگزیبیشن ’سیف سیکیور پاکستان‘ بھی منعقد ہوگی جس میں متعلقہ صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائش کنندگان اور وزیٹرز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔#