سرگودھا، ڈپٹی کمشنرکی زیرِ صدارت غیر قانونی گیس ری فلنگ کے حوالے سے اجلاس کاانعقاد

پیر 29 اپریل 2024 23:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھاکیپٹن(ر)شعیب علی نے کہا ہے کہ گیس سلنڈر زکی غیرقانونی ری فلنگ ایک سنگین جرم ہے جس کی روک تھام کے لیے انتظامیہ اپنے اختیارات کو استعمال کرئے اوربلاتقریق کارروائیاں یقینی بنائی جائیں،تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز گیس ری فلنگ کرنے والی دکانوں کو چیک کریں اور خلاف ورزی پرسخت کارروائی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں تحصیلوں کے اے سیز سمیت پولیس، سول ڈیفنس، انڈسٹریز، ریسکیو 1122 اور ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے معیاری و غیر معیاری سلنڈرز کی چیکنگ کے لیے سول ڈیفنس فیلڈ سٹاف کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کے لیے آگاہی سیمینار کروانے کے علاوہ فائر فائٹنگ ٹریننگ کروانے کے ضرورت پر بھی زور دیا۔

اُنکا کہنا تھا کہ انسانی جان سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں لہذا صرف اوگرا کے ایس او پیز کے مطابق سلنڈرز کی خرید و فروخت کی اجازت ہے،اس ضمن میں ایل پی جی ایسوسی ایشن اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے غیر معیاری سلنڈرز کی ری فلنگ اور خرید و فروخت کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے تاکہ اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اے سیز نے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے خلاف اب تک کی گئی کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی۔