پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عالمی ہوا بازی کی تنظیم کے یونیورسل ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ میں کامیابی حاصل کر لی

پیر 29 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی ہوا بازی کی تنظیم (آئی کائو)کے یونیورسل ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ میں کامیابی حاصل کر لی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باآسانی نئے (آئی کائو) بینچ مارک/معیار 2023اہداف کو حاصل کر لیا ہے۔

سول ایوی ایشن (آئی کائو) 2030 کے بیشتر اہداف حاصل کرنے میں بھی کامیابی رہی ہے۔ آئی کائو کا 2023 کے لئے 80 فیصد ہدف تھا جبکہ پاکستان نے 86 اعشاریہ 73 فیصد سے کامیابی حاصل کی ہے۔ سول ایوی ایشن کا سال 2023 کے لئے یہ سکور آئی کائو 2030 کے ہدف 90 فیصد کے بہت قریب ہے۔ شہری ہوابازی کی عالمی تنظیم نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کا یونیورسل ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم آئی کائو نے فروری میں دس روزہ ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ کیا تھا، آڈٹ کا مقصد گلوبل ایوی ایشن سکیورٹی کے معیار کو مسلسل مانیٹر کرنا اور آڈٹ کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔اس آڈٹ کی کامیابی نیشنل ایوی ایشن سکیورٹی ایکٹ 2023 اور ایئرپورٹس عملہ، ایئر لائنز، کارگو ایجنٹوں، گرائونڈ ہینڈلرز اور اے ایس ایف کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔