اپر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ ،مدد کرنے پر غیر ملکی سیاح پاکستانی پولیس کے شکر گزار

منگل 30 اپریل 2024 10:40

اپر کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) اپر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پھنس جانے والےجرمن اور سری لنکن سیاحوں نے کہا ہے کہ وہ مدد کرنے پر پاکستانی پولیس کے شکر گزار ہیں۔ اپر کوہستان پولیس کے مطابق جرمن اور سری لنکا کے سیاحوں نے گلگت سے اسلام آباد کے حالیہ سفر کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک کے بلاک ہونے کی وجہ سے پاکستانی پولیس کی جانب سے مدد فراہم کرنے پر ان شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جیسی اور ساتھی مسافروں کو اپنا سفر روکنا پڑا، جہاں انہوں نے مقامی پولیس سٹیشن میں پناہ لی۔ سری لنکا کے سیاح جیسی نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پولیس نے انہیں قیام کے دوران پناہ دی اور کھانا فراہم کیا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر کوہستان کی ہدایت پر لوٹر تھانے کی ٹیم نے ڈی ایس پی محمد سجاد اور ایس ایچ او عبدالرحیم کی قیادت میں دو غیر ملکیوں سمیت پھنسے ہوئے سیاحوں کوبچایا اور انہیں لوٹر پولیس سٹیشن میں عارضی پناہ فراہم کی۔ اس کے بعد جب شاہراہ قراقرم پر ملبے کو صاف کیا گیا تو سیاحوں کو بحفاظت اسلام آباد پہنچایا گیا۔