پنجاب حکومت کے گندم سے متعلق فیصلے کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم

عدالت حکومت کی پالیسی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گی‘ جسٹس شاہد کریم

منگل 30 اپریل 2024 14:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کے گندم سے متعلق فیصلے کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کی کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے خلاف ایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو کی درخواست پر سماعت کی۔لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت حکومت کی پالیسی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گی، اگلی سماعت پر پنجاب کابینہ گندم سے متعلق فیصلے سے عدالت کو آگاہ کرے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریداری کے لے پالیسی جاری کی، حکومت نے 22 اپریل سے کسانوں سے گندم خریداری شروع کرنا تھی۔ایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو نے درخواست میں کہا ہے کہ حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم خریداری شروع نہیں کی، بارشوں کی وجہ سے کسان سستے داموں فصل گندم مافیا کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو فوری سرکاری ریٹ پر کسانوں سے گندم خریدنے کا حکم دے۔

متعلقہ عنوان :