ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلہ میں پاکستان کے ادبی شاہکار اور فنکار ادب وفن کے مداحوں کی توجہ کا محور

بدھ 1 مئی 2024 22:00

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلہ میں پاکستان کے ادبی شاہکار اور فنکار ادب وفن سے شغف رکھنےوالے لوگوں کی توجہ کا محور بنے ہوئے ہیں، 29 اپریل سے 5 مئی تک ابوظہبی قومی نمائش مرکز میں جاری میلے میں پاکستانی کتب کے سٹال پر پاکستانی مصنفین کے ادب پاروں کی نمائش کی گئی ہے جس میں ادب کے مداح خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔

ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس تقریب کی ایک خاص بات ایک پینل مباحثہ تھا جس کا عنوان " متنوع حقائق کی عکاسی ، بہت سے خواب دیکھنا "تھا، جس میں خاص طور پر پاکستان ٹیلی ویژن کی قیادت میں پاکستانی ڈرامے کی پائیدار وراثت پر توجہ مرکوز کی گئی ۔پینلسٹس میں اردو ڈرامہ نگار اور ناول نگار آمنہ مفتی، متحدہ عرب امارات میں مقیم اردو فلم اسکرین پلے رائٹر شازیہ علی خان شامل تھیں، پینل کی نظامت مصنفہ، صحافی اور ماہر نفسیا ت مہوش اعجاز نے کی۔

(جاری ہے)

اس مباحثے میں نہ صرف موجودہ کامیابیوں کا اظہار کیا گیا بلکہ مستقبل کے لئے پاکستانی ڈرامے کے جوہر اور اعلی روایات کو برقرار رکھنے کے لئے بصیرت افروز تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن آفاق احمد اور پریس قونصلر ایم صالح نے پینل ڈسکشن میں شرکت کی، کتابوں کے اسٹال کا دورہ کیا اور دورے پر آنے والے پاکستانی مصنفین اور پبلشرز سے تبادلہ خیال کیا۔ ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلہ ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتے ہوئے بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دیتا ہے اور دنیا بھر سے ادبی ورثے کی نمائش کا بھی اہتمام کرتا ہے۔