ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق سینیٹر وسابق ممبر صوبائی اسمبلی ثنا ء بلوچ اورسابق سینیٹر رحمت اللہ کاکڑ کی ملاقات

جمعرات 2 مئی 2024 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق سینیٹر وسابق ممبر صوبائی اسمبلی ثنا ء بلوچ اورسابق سینیٹر رحمت اللہ کاکڑ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے،ایسا لائحہ عمل اختیار کیاجائے جس سے نہ صرف صوبہ بلوچستان کی پسماندگی دور ہو گی بلکہ ان علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بے شمار اقدام اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی جانب گامزن کیاجائے اورصوبے کے مسائل کے حل کے حوالے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے معاملات کو بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اس صوبے کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا،اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بہت سے نعمتوں سے نواز ہے، بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے اور اس کے عوام کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سابق سینیٹر وسابق ممبر صوبائی اسمبلی ثنا ء بلوچ اورسابق سینیٹر رحمت اللہ کاکڑ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کو ایوان بالاء کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پرمبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو صوبے کی ترقی کے حوالے سے بھر پورتعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ ملک اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔