آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پولیس افسران کیلئے ایک اوراحسن اقدام

فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ویلفیئر کیلئے باقاعدہ اسٹینڈنگ آرڈر جاری کردیا

جمعہ 3 مئی 2024 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے شہداء کی فلاح و بہبود کیساتھ پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ویلفیئر کیلئے باقاعدہ اسٹینڈنگ آرڈر جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے شہداء کی فلاح و بہبود کے ساتھ پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ویلفیئر کے لئے باقاعدہ اسٹینڈنگ آرڈر جاری کر دیا ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس فورس میں شہداء کو بلند مقام دیا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ کی شہداء پیکج کی مد میں بھرپور فلاح و بہبود کی جارہی ہے جبکہ پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ویلفیئر کے لئے کوئی باقاعدہ ترغیبی نظام موجود نہ تھا ،اس سلسلہ میں آئی جی اسلام آباد نے پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ایک اسٹینڈنگ آرڈر جار ی کر دیا،اسٹینڈنگ آرڈرکی رو سے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران کی ایک کمیٹی بنادی گئی ہے جو غازیاں پولیس فورس کی نامزدگی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے گی،اسٹینڈنگ آرڈر میں پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی کیلئے ایک معیار جاری کر دیا گیا ہے،جس کی رو سے دوران ڈیوٹی بم دھماکے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے ،امن و امان کے قیام کے دوران شدید جسمانی چوٹوں اور ٹریفک ڈیوٹی کے دوران حادثات کا شکار ہونے والے پولیس افسران کو غازی نامزد کیا جائے گا،اس سلسلہ میں غازیوں کے لئے "اسلام آباد پولیس غازی میڈل "اور "اسلام آباد پولیس شجاعت میڈل "بھی جاری کر دیا گیا ہے،اسٹینڈنگ آرڈر کے مطابق غازیان فورس کوذیل مراعات حاصل ہو گی،زخمی پولیس آفیسر کو فل فور ہسپتال منتقل کیا جائے گا اور متعلقہ ڈویژن کے سینئر پولیس افسران بہترین علاج و معالجہ اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں گے،فوری ابتدائی معاوضہ زخمی پولیس افسر کو جاری کیا جائے گا،نامزد غازی کو کلاس ون پولیس سرٹیفکیٹ ،ایک لاکھ روپے انعام اور اعزازی سند سے نوازا جائے گا،غازی پولیس افسران اپنی یونیفارم پر خصوصی غازی میڈل لگائیں گے،غازیان پولیس فورس کو تبادلوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی اور ان کی مرضی و سہولت کے مطابق تبادلہ کیا جائے گا،غازیان پولیس فورس کے تمام دفتر ی ریکارڈ میں لفظ غازی کا اضافہ کیا جائے گا،فورس کے سینئر پولیس افسران عیدیوں کے موقع پر غازیان پولیس کے گھروں میں جائیں گے اور انہیں تحفے پیش کریں گے،پولیس فورس میں ''غازی ہفتہ -''منایا جائے گا،پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں یادگار غازی بنائی جائے گی اور پولیس فورس کے غازیوں کے نام وہاں نمایاں کیے جائیں گے،غازیوں کے نام تمام تھانہ جات میں نمایاں کیے جائیں گے،اسٹینڈنگ آرڈر کے مطابق پولیس فورس کے افسران کی فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا،ان کی پولیس فورس اور معاشرے میں عزت اور رتبے کا خیال رکھا جائے گا،غازیان فورس کو ایک نئی پہچان دی جائے گی،غازیان فورس کی گراں قدر کاررناموں سے پولیس فورس کے دیگر افسران کو مورال بلند کیا جائے گا،غازیان فورس کا علاج و معالجہ ،جسمانی معذوری ،شدید جسمانی چوٹوں ،جسمانی اعضاء کی بحالی اور مصنوعی جسمانی اعضاء سمیت دیگر تمام علاج و معالجہ سرکاری اور دیگر بہترین ہسپتالوں سے کروایا جائے گا۔