سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ مردان کے حوالے اجلاس کا انعقاد

پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف مردان کے شہری علاقے میں نکاسی آب کا مسئلہ حل ہوگا، ارشد ایوب

ہفتہ 4 مئی 2024 02:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے بلدیات، الیکشن ودیہی ترقی ارشد ایوب اور وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت ''سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ مردان'' کے حوالے اجلاس کا انعقاد گزشتہ روز پشاور میں کیا گیا جسمیں اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان، میاں عمر کاکا خیل اور میاں افتخار، محکمہ الیکشن ودیہی ترقی کے سیکرٹری داود خان، سپیشل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر خیبرپختونخوا سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ اور ضلع مردان کے ڈبلیو ایس ایس ایم کے افسران سمیت ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر عمر علی نے شرکت کی، اجلاس کو سیکرٹری محکمہ الیکشن ودیہی ترقی نے خیبرپختونخوا سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت''سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ مردان'' پر پیش رفت بارے تفصیلی بریفننگ دی گئی، اجلاس کو جاری تعمیراتی کام اور مردان ماسٹر پلان منصوبے کے مستقبل میں شامل ہونے والے منصوبوں بارے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ارشد ایوب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ مردان کو بروقت مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں بلا وجہ کوئی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر خوراک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مذکورہ پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف مردان کے شہری علاقے میں نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو سکے گا بلکہ اس میں جدید تقاضوں کے مطابق بہتری بھی آئے گی ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے سیلابی پانی کی خطرات سے بھی بڑی حد تک کمی آئے گی صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مردان سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت ہونے والی شجر کاری سے آب وہوا اور شہری علاقے کی خوبصورتی اورصاف ستھرا رکھنے میں مدد ملے گی جس سے شہریوں کی صحت پر مثبت اثرات بھی مرتب ہونگے۔