غزہ جنگ،امریکی طلبہ کا گرمی کی چھٹیوں میں بھی احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

ہفتہ 4 مئی 2024 18:54

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2024ء) امریکا کی اکثر جامعات میں طلبہ نے موسم گرما کی چھٹیوں میں بھی فلسطینوں کے حق میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ چھٹیوں میں بھی کیمپ خالی نہیں کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ جنگ کے خلاف امریکی جامعات میں مظاہرے کئی مہینوں تک جاری رہنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے کیونکہ طلبہ تنظیموں کا کہنا تھا کہ حالیہ امتحانات کے بعد چھٹیوں میں بھی کیمپس خالی نہیں کریں گے اور کیمپوں میں مظاہرے اگلے سیمیسٹر تک جاری رہیں گے۔

دوسری جانب مظاہرین کے خلاف پولیس کا ایکشن بھی جاری ہے، امریکی پولیس نے نیویارک یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاجی کیمپ اکھاڑنا شروع کردیے ہیں جبکہ ملک بھر میں گرفتار طلبہ کی تعداد 2 ہزار 2 سو سے زائد ہوگئی ہے۔صدر یونیورسٹی آف شکاگو نے بھی کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی کیمپ برداشت نہیں ہوگا۔