میچ میکرز کی فلاح وبہبود کے لئے فریدہ اکرم کا اقدام قابل تعریف ہے، سمیع شیخ

منگل 7 مئی 2024 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء)آل میچ میکرز ایسوسی ایشن کے سی ای او سمیع شیخ نے رائل رشتہ کنیکٹڈ کی سی ای او فریدہ اکرم کی جانب سے میچ میکر زکی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدام کو قابل تعریف قراردیتے ہوئے کہاہے کہ فریدہ اکرم کا ہیلپنگ گروپ لوگوں کے مسئلے مسائل کوحل کرنے میں اہم کرداراداکررہاہے جس سے بہت سی خواتین کو میڈیکل سہولیات بمعہ میڈیسن ،راشن اور دیگرضروریات کی مد میں امداد ہوتی ہے۔

یہ باتیں انہوں نے رائل رشتہ کنیکٹڈکی جانب سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، جس میںشہر بھر سے میچ میکرزکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ان کا کہناتھاکہ آر آر سی کی روح رواں سی ای او فریدہ اکرم نے تمام میچ میکرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک تاریخ رقم کردی ہے،ان شاء اللہ اس پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بناکر میچ میکرز کو مناسب سہولیات فراہم کرنے میں کرداراداکیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر مہمانان گرامی نے بھی خطاب کیاجبکہ میزبان فریدہ اکرم نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء باالخصوص مہمان خصوصی سمیع شیخ کا شکریہ اداکیا۔ ان کا کہناتھاکہ ایسی تقاریب گاہے بہ گاہے ہوتی رہنی چاہئیں جن میں شرکت کرکے ایک دوسرے سے مل بیٹھنے کا موقع میسر آتاہے اور ایک دوسرے کے مسائل کا علم ہوتاہے۔ تقریب کی کمپئیرنگ کے فرائض مس شا ہ رخ طارق نے سر انجام دئیے۔

اس موقع پر آر آر سی کی روح رواں سی ای او فریدہ اکرم نے تمام شرکاء کو شیلڈز، سرٹیفیکیٹس اورتحائف پیش کئے ۔تقریب کے انعقاد میں رائل رشتہ کنیکٹڈکی ایڈمنز نے بھرپور شرکت اور تعاون کیاجن میںہیڈ ایڈمن مسز نوید،ایڈمن ارم خان،سمیرا ارشد،نادیہ عمران،حنا طارق،اسما دانش،ثنا حارث،فاطمہ حسیب ودیگر کے نام شامل ہیں، جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی ملک کے نامور میچ میکرزرہنما سمیع شیخ نے شرکت کر کے پروگرام میں چار چاند لگا دئیے۔