دمہ کے عالمی دن کے موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد

منگل 7 مئی 2024 23:08

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) استھما (دمہ) کے عالمی دن کے موقع پرشعبہ امراض سینہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام منگل کے روز سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت سربراہ شعبہ پلمونالوجی ڈاکٹر اعظم مشتاق نے کی۔ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر عمران شریف، ڈاکٹر وسیم ریاض گورایہ، ڈاکٹر ہمایوں غلام مرتضیٰ اور ڈاکٹر سرمد نقوی سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور نشتر یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی کثیر تعداد شامل تھی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اس مرض کی وجوہات، علامات، علاج معالجے اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔ ماہرین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دمہ کے مرض کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً مستند معالج سے اپنا معائنہ کرایا جائے تا کہ مرض کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

شرکاء کا کہنا تھا کہ مرض کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے سب سے بہترین لائحہ عمل ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ادویات کو باقاعدگی سے استعمال کرنا ہے۔

سربراہ شعبہ پلمونالوجی ڈاکٹر اعظم مشتاق کا کہنا تھا کہ دمہ مکمل طور پر قابل علاج مرض ہے۔ اگر اس موذی مرض کا بروقت اور مکمل علاج کروایا جائے تو نہ صرف عام صحت مند آدمی کی طرح زندگی گزاری جا سکتی ہے بلکہ صحت کے دوسرے بہت سے مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :