پنجاب آرٹس کونسل بہاولپور کے زیر اہتمام رحیم یار خان میں ضلعی سطح کے مقابلہ موسیقی کا انعقاد

جمعہ 10 مئی 2024 20:40

رحیم یارخان 10 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) پنجاب آرٹس کونسل بہاولپور کے زیر اہتمام رحیم یار خان میں ضلعی سطح کے مقابلہ موسیقی منعقد ہوئے ، جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ تھے۔ مقابلے میں 14 سال سے 30 سال کے نوجوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔ مقابلہ موسیقی میں نوجوانوں نے ملی نغمے، لوک گیت، کافی، اور غزلیں پیش کیں۔

مقابلے میں استاد اعجاز توکل، شہزاد انور قیمی اور عاصمہ نذر نے ججز کے فرائض انجام دیتے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ نے کہا کہ رحیم یار خان فن و ثقافت سے بھرپور خطہ ہے جس میں ہر قسم کا ٹیلنٹ موجود ہے۔ انھوں نے رحیم یار خان سے مقابلہ موسیقی جیتنے والوں کو ڈویژنل مقابلہ میں شرکت پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ فن و ثقافت کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ نے آرٹس کونسل کے قیام کے لیے نو کنال زمین مختص کر دی ہے اور جلد یہاں پر آرٹس کونسل کا قیام ہوگا۔ ڈایریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین نے کہا کہ اس مقابلے کے ذریعے بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے کا موقع ملا اور اسی ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔ معروف شاعر شہباز نیر نے میزبانی کے فرائض انجام دیے اور آخر میں مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔آکاش نعیم پہلی، محمد طیب جبار دوسری اور محمد اظہار اسماعیل تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

متعلقہ عنوان :