وزیراعلیٰ کی ہدایت پرگارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے والی کمیٹی کا چوتھا اجلاس

جمعہ 24 مئی 2024 17:10

وزیراعلیٰ کی ہدایت پرگارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے والی کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین و صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔ گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ محکمہ صنعت وتجارت کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے نزدیک 2ہزار ایکڑ رقبے پر صوبے کی تاریخ کا منفرد گارمنٹ سٹی بنے گا۔ گارمنٹ سٹی کے لئے جگہ کا انتخاب اور دیگر معاملات آئندہ دو سے تین روز میں طے کر لیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گارمنٹ سٹی میں اربوں ڈالر کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

گارمنٹ سٹی کے قیام سے برآمدات بڑھیں گی اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ معاشی لحاظ سے اہمیت کے حامل اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گارمنٹ سٹی میں 100 کے قریب گارمنٹ انڈسٹری لگے گی۔انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کے لئے سولر انرجی پلانٹ بھی لگے گا۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اپٹما کے کامران ارشد کی قیادت میں وفد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے اپٹما کی تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔