حکومت کی پہلی اورآخری ترجیح ایکشن کمیٹیز سے مذاکرات ہے، ترجمان حکومت آزادکشمیر

جمعہ 10 مئی 2024 21:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) ترجمان حکومت آزادکشمیر ، وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی پہلی اورآخری ترجیح ایکشن کمیٹیز سے مذاکرات ہے، تمام ڈویژنز میں داخلی اور خارجی راستے کھلے ہیں اور مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، حکومت کی کوشش یہی ہے کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ڈڈیال واقعہ کی مذمت کرتاہوں، ڈڈیال میں بچیوں کی ہلاکت کے حوالے سے جھوٹی خبر کے ذریعے کچھ عناصر نے پس پردہ مقاصد کیلئے سنسنی پھیلانے کی کوشش کی،حکومت نے ایکشن کمیٹیز سے مذاکرات کے بعد باقاعدہ انکے مطالبات کے حل کے حوالہ سے نوٹیفکیشن کیا۔

ایکشن کمیٹیز نے خود آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی کے حوالے سے حکومتی کمیٹی سے کمٹمنٹ کی اور بعد میں منحرف ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پی آئی ڈی کمپلیکس میں وزیرخوراک چوہدری محمد اکبر ابراہیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ عبدالماجدخان نے کہاکہ حکومت ایکشن کمیٹی سے ہر وقت مذاکرات کیلئے تیار ہے، حکومت نے کبھی بھی اپنے دروازے مذاکرات کیلئے بند نہیں کیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا مقصد لوگوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے حفاظتی اقدمات امن عامہ کو برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے گئے ہیں، کہیں بھی طاقت کا استعمال نہیں کیاگیانہ ایسا ارادہ ہے۔ ترجمان حکومت نے کہاکہ اتحادی حکومت میں تمام سیاسی جماعتیں موجود ہیں اور سب نے اسمبلی فلور پر برملا کہا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان حکومت نے کہاکہ ڈڈیال واقعہ میں 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے ڈڈیال واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اس ضمن میں تاجران کو کھلی آفر ہے کہ جب چاہیں حکومت کی جانب سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔