الحمراء میں آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پنجاب کی 36ویں سالانہ نمائش کا انعقاد

چیئرمین الحمراء رضی احمد نے نامور آرٹسٹ میاں اعجاز الحسن و دیگر کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا

ہفتہ 11 مئی 2024 01:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے زیر انتظام الحمراء آرٹ گیلری میں آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پنجاب کی 36ویں نمائش کا انعقاد ہوا۔چیئرمین الحمراء رضی احمد نے نامور آرٹسٹ میاں اعجاز الحسن و دیگر کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔رضی احمد نے نمائش میں آویزاں فن پارے دیکھے اور آرٹسٹوں کے کام کی تعریف کی۔

قبل ازاں اس حوالے سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں میاں اعجاز الحسن ،چیئرمین الحمراء رضی احمد ، ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء سارہ رشید ،آمنہ پٹودی، غلام مصطفی و دیگر گفتگو کی۔میاں اعجاز الحسن اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رضی احمد اپنے ورثے کے تحفظ کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہا ہے جو قابل تعریف ہیں، ہماری پہچان ہمارا آرٹ ہیں جو صدیوں کی تاریخ پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا آغاز تین چارآرٹسٹوں نے مل کر کیا جوکہ اب کارواں بن چکاہے جسے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ چیئرمین الحمراء رضی احمد نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمراء آرٹ کی پرموشن کا نمائندہ ادارہ ہے ،ادب وثقافت کی بہتری کے لئے کوئی بھی ہمارے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں، الحمراء آرٹ میوزیم اپنی نوعیت کا منفرد میوزیم ہے جو آرٹسٹوں کے معاونت سے قیام عمل میں آیا اور آج بھی اسے آرٹسٹوں کی معاونت درکار ہے ۔

انھوں نے کہا کہ میں اُمید ظاہر کرتا ہوں کہ الحمراء آرٹ میوزیم کے لئے آج بھی آرٹسٹ بڑھ چڑھ کر ہمارے ساتھ کام کریں گے۔واضح رہے آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی نمائش میں 190آرٹسٹوں کے 272فن پارے آویزاں کئے گئے،نمائش 17مئی تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :