جیکب آباد میں سینئر صحافی کے بھانجے کاقتل،صحافیوں اورسیاسی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ

ڈاھانی گینگ کے تمام کارندوں کو گرفتار کرکے امن و امان کو بحال کیا جائے بصورت دیگر سندھ بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا،مظاہرین

اتوار 12 مئی 2024 18:30

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) جیکب آباد میں سینئر صحافی کے بھانجے کے قتل کے خلاف صحافیوں اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سینئرصحافی حاکم ایری کے بھانجے حبدار ایری کے بے رحمانہ قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب کی کال پر صحافیوں اور سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس صحافیوں عبدالرحمن آفریدی، محمد نواز سولنگی، جے یو آئی کے ڈاکٹر اے جی انصاری، پی پی شہید بھٹو کے ندیم قریشی، جماعت اسلامی کے محمد حنیف کھوسو اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، جلوس میں صحافیوں راجا علی سرکی، برکت کھوکھر، اسد علی مغل، آصف علی بھٹی، ایم ڈی عمرانی، محمد موسیٰ بلوچ، عبدالنبی مگسی، اعجاز میمن سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاسی تنظیموں کے کارکنان نے شرکت کی، مظاہرین نے بدامنی، ڈاکو راج اور پولیس کی نااہلی کے خلاف نعریبازی کی، مظاہرین نے قومی شاہراہ پر پہنچ کر دھرنا دیا اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاھانی گینگ کے ڈاکوؤں نے بھتہ نہ دینے پر سینئر صحافی حاکم ایری کے بھانجے حبدار ایری کو قتل کردیا جو پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ تین روز گزرنے کے باوجود پولیس قاتلوں کی گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ گڑہی خیرو میں ڈاھانی گینگ کے ڈاکوؤں نے قتل و غارت گیری کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں، نشاندہی کے باوجود ڈاکوؤں کی عدم گرفتاری افسوسناک اور پولیس کی ناکامی و نااہلی ہے، بدامنی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوچکا ہے قتل کے مقدمات میں ملوث قاتل سرعام اسلحہ لیکر گھوم رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاھانی گینگ کے تمام کارندوں کو گرفتار کرکے امن و امان کو بحال کیا جائے بصورت دیگر سندھ بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔