سندھ حکومت کے ترقی پسندانہ اقدامات کی تعریف نہ کرنا منافقت ہوگی، تیمور علی مہر

صوبائی حکومت کی پیپلز بس سروس نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ہے، ترجمان پی وائی او

اتوار 12 مئی 2024 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے سیکرٹری اطلاعات تیمورعلی مہر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کررہی ہے ،سندھ حکومت کے ترقی پسندانہ اقدامات کی تعریف نہ کرنا منافقت ہوگی، پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کرتی ہے اسی وجہ سے لوگ ہمیں ووٹ دیتے ہیں شہرقائد میں امن اومان جلد قائم ہوگا پیپلز پارٹی پھر سرخرو ہوگی، ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، تیمور علی مہر نے کہا کہ پورے ملک میں استحکام کی علامت پیپلز پارٹی ہے، سندھ کی ترقی صرف پیپلزپارٹی کاذمہ نہیں ہے سب سیاسی جماعتوں کوسرجوڑناہوگا، پیپلز پارٹی سندھ سے غربت اور لاقانونیت کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیئے پرعزم ہے، سندھ بھر میں پیپلز پارٹی نے ریکار ڈ ترقیاتی کام کروائے ،کراچی میں فلائی اوورز اور انڈر پاس کی تعمیر کروائی، کورنگی کازوے برج عنقریب شروع ہونے والا ہے، ڈسٹرکٹ کورنگی میں این آئی سی وی ڈی بھی بن رہا ہے اس کے علاوہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی بھی بنائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا شہرقائد پر بہت دھیان اور وہ شہر کی ترقی کے لیئے نہایت سنجیدگی سے تمام کاموں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ، کراچی میں جس تیزی سے ترقیاتی کا م کروائے جارہے ہیں اس کی ماضی میں کہیں مثال نہیں ملتی، پیپلز پارٹی نے سندھ کے لوگوں کی بہت خدمت کی ہے اور یہ سلسلہ جیالوں کے خون کے آخری قطرے تک جاری رہے گا، انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کراچی میں مقبولیت بڑھ رہی ہے ، کراچی کے جن اضلاع میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے وہاں ترقیاتی کام تیزی سے ہو رہے ہیں، پی پی کے پاس کراچی کی سو سے زائد یوسیز ہیں جہاں ترجیحی وہنگامی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کیا جارہا ہے اور ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، جن یونین کونسلز میں دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگ بیٹھے ہیں ان کو بھی چاہیے کہ وہ پیپلز پارٹی کے لوگوں سے کچھ سیکھیں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کریں سیاسی رہنماوں اور لیڈران کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل ہوتا ہے اور یہی سوچ پیپلز پارٹی کے ہر جیالے کی ہے۔