وزیراعظم کی پاسکو کے ایم ڈی اور جی ایم پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت ، کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے، اہم اجلاس سے خطاب

پیر 13 مئی 2024 12:19

وزیراعظم  کی  پاسکو کے  ایم ڈی اور جی ایم پروکیورمنٹ کو معطل کرنے  کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گندم کی خریداری میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے، کسان کانقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ ہدایت پیر کو گندم کی طلب و رسد اور وفاقی حکومت کی خریداری کے پروگرام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اقتصادیات احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کے لئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہ کروائی گئی ؟وزیراعظم نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور اس حوالے سے غفلت برتنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تاکید کی کہ گندم کی خریداری کا عمل صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں موبائل فون ایپلی کیشن تیار جلد از جلد تیار کی جائے ۔ انہوں نے پاسکو کے اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ کسان کے معاشی تحفظ کے لیے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے ۔ مزید برآں وزیر اعظم نے پاسکو کو چار لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور مؤثر طریقے سے خریداری کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔\932