جنوبی افریقہ کی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست ‘ مصر کا بھی فریق بننے کا اعلان

یہ فیصلہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی حملوں کی بڑھتی ہوئی شدت اور دائرہ کار کے پیش نظر کیا گیا ہے.مصری وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 مئی 2024 14:05

جنوبی افریقہ کی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست ‘ مصر ..
قاہرہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13مئی۔2024 ) جنوبی افریقہ کی جانب سے غزہ میں جاری جنگ کے تناظر میں بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں مصر نے بھی باضابطہ طور پر فریق بننے کا اعلان کردیا ہے مصری وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی حملوں کی بڑھتی ہوئی شدت اور دائرہ کار کے پیش نظر کیا گیا ہے.

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ منظم اسرائیلی طریقوں اور حملوں کے درمیان کیا گیا جنہوں نے لوگوں کو نقل مکانی اور اپنی زمین چھوڑنے پر مجبور کیا ہے جس سے ایک بے مثال انسانی بحران پیدا ہوا ہے.

(جاری ہے)

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق اس سے قبل ترکی اور کولمبیا جیسے ممالک نے اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے مقدمے میں شامل ہونے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی جنوبی افریقہ نے جنوری میں عالمی عدالت سے یہ اعلان کرنے کو کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا تھا اور وہ اسرائیل کو پٹی میں اپنی فوجی مہم روکنے کا حکم دے.

آئی سی جے نے اس کے بجائے اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ ایسی کارروائیوں سے باز رہے جو نسل کشی کے کنونشن کے تحت آ سکتی ہوں اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی افواج غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی کوئی کارروائی نہ کریں. مارچ میں آئی سی جے نے متفقہ طور پر اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ غزہ کے فلسطینیوں تک بنیادی خوراک کی بلاتاخیر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اور مو¿ثر کارروائی کرے مصر کی جانب سے یہ اعلان اس بات کے بعد کیا گیا جب اسرائیل نے اس ہفتے مصر کی سرحد سے متصل رفح کے مشرقی علاقوں میں داخل ہو کر بین الاقوامی مخالفت کی نفی کی اور قریبی گذرگاہ پر قبضہ کر لیا جو محصور فلسطینی علاقے میں امداد کی ترسیل کے لیے اہم راستہ ہے.

مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے اسرائیل کو مطلع کیا کہ اس نے اسرائیل کی طرف سے کشیدگی میں ناقابلِ قبول اضافے" کی وجہ سے رفح کراسنگ سے غزہ میں امداد کے داخلے پر اسرائیل سے رابطہ کاری کرنے سے انکار کر دیا ہے. مصر نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ضرورت مندوں تک امداد پہنچے اور یہ کہ اسرائیلی افواج فلسطینی عوام کے خلاف کسی قسم کی خلاف ورزی کا ارتکاب نہیں کر رہیںبیان کے مطابق مصر نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور بااثر ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی طے کروانے اور رفح میں فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں.