Live Updates

وزیراعلی پنجاب کا ٹیوٹا کورسز کیلئے روبوٹک لیب بنانے اور طلبہ کی تعداد چارہزار سے بتدریج 40ہزار کرنے کا اعلان

پیر 13 مئی 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ٹیوٹا کورسز کیلئے روبوٹک لیب بنانے اور طلبہ کی تعداد چارہزار سے بتدریج 40ہزار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی نے ٹیوٹا کی مکمل ری سٹرکچرنگ کا حکم بھی دیاہے۔وزیر اعلی نے گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج فاروویمن پہلے چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشیٹیو کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

مریم نوازنے تقریب میں پہنچنے پرطالبات سے ملاقات کی اور طالبات کو پیار کیا۔انہوں نے سٹیج پر بلاکر طالبات کے ہمراہ پراجیکٹ کا ڈیجیٹل افتتاح کیا اورطالبات کو سٹیج پر اپنے ساتھ کھڑا کرکے خطاب کیا۔وزیر اعلی کو 1909 میں قائم ہونے والے ادارے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کالج کی لیب اور ڈس پلے سنٹر کا بھی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لیب میں طلبہ اور طالبات سے گفتگوکرتے ہوئے لیب کی ری سٹرکچرنگ اور روبوٹک لیب قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کورسزپراجیکٹ کے طلبہ کی تعداد 4 ہزار سے بتدریج 40 ہزار تک بڑھا ئیں گے۔

کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ٹیوٹا فری کورسز نوجوانوں کا حق ہے کسی کا احسان نہیں،جس سے محروم رکھا گیا۔ انہوںنے ڈس پلے سنٹر میں دستکاریوں، پینٹنگز اور سرامک ورک کوسراہا، ایک طالبہ نے مریم نوا زکو ہاتھ سے بنائی ہوئی پینٹنگ پیش کی۔ صوبائی وزیر صنعت نے پراجیکٹ کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جاپان، یونان اور دیگر ممالک میں ٹیوٹا کے سکلڈ ورکر کی مانگ ہے،ٹیوٹا کے چیئر مین ساجد کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ٹیوٹا کے 15 اداروں کے طلبہ نے شرکت کی جبکہ20 ٹیوٹا اداروں کے طلبہ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ انہوں نے واپسی پرکھڑی بچیوں کو دیکھ کر گاڑی روک کر سیلفی بنوائی۔انہوں نے گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر سکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔چیئرمین ٹیوٹا اور ان کی ٹیم کو ایک ماہ میں یہ پروگرام شروع کرنے پر شاباش دیتی ہوں۔

پروگرام کے لئے ہزار بچے سلیکٹ ہوئے جن میں سے 400 لڑکیاں ہیں۔ مجھے خوشی ہے سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام میں بچیوں کی بہت بڑی تعداد آئی ہے۔ ٹیوٹاکی پہلی میٹنگ لی تو افسوس ہوا کہ ہم پرانے نظام لے کر چل رہے ہیں۔ لڑکیوں کی تعداد کو 50فیصد سے اوپر جانا چاہیے۔ ہم نے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز شامل کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر سیکورٹی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس کورس شروع کیے ہیں۔

سکل ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ مکمل فری ہے۔مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنے نصاب میں تبدیلی لائے ہیں۔ مارکیٹ کے مطابق کورس کروائیں گے تو لوگ جاب پیچھے لے کر پھریں گے۔انہوں نے کہا کہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا تھا کہ کورسز جدید ٹیکنالوجی کے مطابق نہیں تھے۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ نصاب کو بدلنا ہوگا۔ خواہش ہے کہ بچوں کوکورسز سے فارغ التحصیل ہونے سے پہلے نوکری مل جائے۔

لاہور میں ملک کی پہلی آئی ٹی سٹی شروع کررہے ہیں۔جو ایک سال میں شروع ہوجائے گی۔چیف منسٹر سکلز انیشیٹوز کے تحت طلبہ کو کلاوڈ کمپیوٹنگ،سائبر سکیورٹی،ڈیٹا اینالیٹکس، گرافک ڈیزائن،آرٹی فیشل انٹیلی جنس، مشین لرننگ اور گیم ڈویلپمنٹ کورسزکروائے جائیں گے۔ کورس مکمل کرنے والے طلبہ مائیکروسافٹ، ایڈوب، سیسکواور یونیٹی جیسے بین الاقوامی اداروں کے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن حاصل کریں گے۔

پنجاب حکومت ہر سال 4 ہزار طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے ایڈوانس آئی ٹی کورسز کرائے گی۔4 ہزار بچوں کو انشا اللہ 40 ہزار پر لے کر جائیں گے۔ مختلف شہروں کے 35 ٹیوٹا انسٹیٹیوٹ میں نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔پہلے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہمارے پاس کورسز موجود نہیں تھے۔ جب جاب مارکیٹ کے مطابق کورس کرائیں گے تو لوگ جابز کے لئے طلبہ کے پیچھے پھریں گے۔

دنیا کے ٹیک جوائنٹس کا آئی ٹی سٹی پراجیکٹ میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیوٹا کی ری سٹرکچرنگ ماڈر ن لائنز پرکرنے کی ہدایت کی ہے۔جدید کورسز کے لئے جو ایکسپرٹس اور فیکلٹی باہر سے یا پرائیویٹ سیکٹر سے ہائر کرنا پڑتے ہیں وہ کریں۔ لوگ صرف دعوے کرتے ہیں اور پانچ سال بعد ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہم نے چیف منسٹر سکلز انیشیٹیو کا افتتاح آج کیا جبکہ کلاسز پہلے سے ہی شروع ہوگئی ہیں۔

مسلم لیگ ن نے کبھی بچوں کے ہاتھ میں ڈنڈے غلیلیں اور پٹرول بم نہیں دیئے۔ بچوں کو اپنی سکیورٹی ایجنسیز کو مارنا ان کے سر اور آنکھیں پھوڑنا نہیں سکھایا۔ لا اینڈ آرڈر کی پہلی میٹنگ لی تو ڈی آئی جی آپریشنزسے پوچھا کہ ان کی آنکھ کو کیا ہوا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے بتایا کہ نو مئی کے واقعات میں ان کی آنکھ ضائع ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بچوں کو یہ نہیں سکھانا کہ مار دو، مر جا،جلا دو، توڑ دو۔

نو مئی کو جنا ح ہائوس گئی تو میرا دل خون کے آنسو رو رہا تھا۔ ہم نے پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کی یادگار کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔لیپ ٹاپ اورپیف سکالرشپس دیں تو مسلم لیگ ن نے دی ہیں۔ دانش سکول،سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹیز بنائی تو مسلم لیگ ن نے بنائیں اور آج انٹر نیشنل سرٹیفکیشن کے ساتھ سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام بھی مسلم لیگ ن شروع کر رہی ہے۔ بہاولپور میں بچے کی سکول جانے کے لئے سائیکل کی خواہش فوری پوری کی۔اس موقع پرسینٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا عظمی زاہد بخاری، رانا سکندر حیات، بلال اکبر،ایم پی اے ثانیہ عاشق، میاں مرغوب، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریزو دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات