کوئی اور آپشن نہیں، اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی، رانا ثنااللہ

فوجی تنصیبات پر دہشت گرد اوردشمن ملک حملہ کرتے ہیں، اس بار سیاسی جماعت نے کردیا، مشیر وزیر اعظم

منگل 14 مئی 2024 15:03

کوئی اور آپشن نہیں، اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی، رانا ثنااللہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) وزیر اعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی اور اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوتا، ایک شخص کی جماعت موجود ہے، جو پارلیمنٹ کو تسلیم نہیں کرتا، جمہوریت میں خود کو منوانے کے لیے دوسرے کا وجود تسلیم کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مذاکرات کی پیشکش بہت واضح تھی جسے مسترد کردیا گیا، صدر مملکت نے بھی انہیں براہ راست مذاکرات کی دعوت دی جس میں حکومت کی رضامندی شامل تھی۔ایک سوال پر انہوںننے کہاکہ فوجی تنصیبات پر دہشت گرد اور دشمن ملک حملہ کرتے ہیں، اس بار سیاسی جماعت نے کر دیا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ آزاد کشمیر میں یہ سب بہت پہلے سے چل رہا تھا، معاملات پر پہلے توجہ دینے کی ضرورت تھی، تاہم امید ہے ایک دو روز میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل نہیں لیکن حکومت کا حصہ ہے، امید ہے کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے پیپلز پارٹی جلد فیصلہ کر لے گی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی اور اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔اپوزیشن کے احتجاج کی صورت میں بجٹ کی منظوری کے حوالے سے رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ بجٹ منظور کروانے کے لیے ہمارے پاس اکثریت موجود ہے۔