مسلم امہ کے حکمرانوں کو مسجد اقصی کا تحفظ ایمان کا حصہ سمجھ کر کرنا چاہئے‘الشیخ میمون اسعد تمیمی

فلسطین انبیائے کرام علیہ اسلام کی سر زمین ،تحفظ کیلئے ملت اسلامیہ کے حکمرانوں کو آواز حق بلند کرنی چاہئے تھی

بدھ 15 مئی 2024 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) قبل اول مسجد اقصیٰ کے فرزند امام الشیخ میمون اسعد تمیمی نے کہا ہے کہ غزہ میں سینکڑوں عما رتیں، سکول، ہسپتال مکمل تباہ ہوگئے ہیں،فلسطین کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، فلسطین انبیائے کرام علیہ اسلام کی سر زمین ہے جس کے تحفظ کیلئے ملت اسلامیہ کے حکمرانوں کو آواز حق بلند کرنی چاہئے تھی لیکن کچھ مسلم حکمران صیہو نی، یہودی طاقتوں سے مرعوب ہوکر حق کی بات کہنے سے ہچکچا رہے ہیں،ملت اسلامیہ پر مشکل وقت ضرور ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ خودپر ہونے والے مظالم کے خلاف خاموشی اختیار کر لیں اور ظلم سہتے رہیں، اسرائیل، برطانیہ، بھارت اور امریکہ کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ’’قومی فلسطین کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس سے جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہی ظہیر، چیئر مین علامہ طارق محمود یزدانی، مرکزی راہنما قا ضی عبد القدیر خاموش،سینئر صحافی خوشنود علی خان، مولانا معاویہ اعظم طارق شیخ اقبال سلفی، عمار یاسر، کاشف چوہدری،ڈاکٹر ثنا اللہ ظہیر، عبد الرحمن مغل، محمد تنویر، مفتی حفیظ الرحمن، سید عبد الوحید شاہ، حافظ عبیدالرحمن ایڈوکیٹ، حاجی ریاض احمد، قاری شفیق الرحمن ربانی، عطاالرحمن، اسامہ اصغر، حافظ فاروق اعوان، قاری عاطف جلالی، قاری صبغت اللہ کشمیری کے علاوہ دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین کاز پر پو ری پاکستانی قوم متحد ہے۔ فلسطین میں اسرائیل کی دہشتگردی پر نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اب خاموش تما شائی کیوں بنی ہوئی ہیں شہریوں اور سویلین کی ہلاکتوں پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے ۔مسلم امہ کے حکمرانوں کو مسجد اقصی کا تحفظ ایمان کا حصہ سمجھ کر کرنا چاہئے۔

فلسطین مقدس انبیائے کرام علیہ اسلام کی سر زمین ہے جس کے تحفظ، دفاع کے لئے ہمیں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملت اسلامیہ کے حکمرانوں کو اپنے پیغام میں کہا اللہ کے بندو جس طرح سے مسجد نبوی ﷺ، بیت الحرام کا تقدس فرض ہے بالکل اسی طرح مسجد اقصی کا تقدس بھی ہما رے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے مسلم حکام سے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک میں ہونے والے مظالم کے خلاف اعلان جہاد کریں جمعیت اہل حدیث پاکستان کا بچہ بچہ آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔

خو شنود علی خان نے کہاکہ صہیونی و یہودی طاقتیں ملت اسلامیہ پر غالب آکر مظالم کو ڈھا رہے ہیں۔فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطین کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔، انہوں نے شہید عالم اسلام امام العصر علامہ احسان الہی ظہیر شہید رحمہ اللہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔