اعلیٰ عدلیہ کو دبئی پراپرٹی لیکس پر نوٹس لینا چاہیی: مسرت جمشید چیمہ

پنجاب اسمبلی میں پیش کئے جانیوالے ہتک عزت کے نئے قانون پر شدید تحفظات ہیں

بدھ 15 مئی 2024 22:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی مالیاتی سکینڈل کی لیکس سامنے آئے تو اس میں دہائیوں سے بر سر اقتدار دو جماعتوں سے وابستگی رکھنے والوں کے نام سامنے نہ آئیں یہ ممکن ہی نہیں ،پراپرٹیز لیکس کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد دونوں جماعتوں کے نام گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے چاہئیں ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اعلی عدلیہ کو دبئی پراپرٹی لیکس پر نوٹس لینا چاہیے کہ کیسے اربوں ڈالر سے بیرون ملک جائیدادیں خریدی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئی ایم ایف سے ایک ، ایک ارب ڈالر کی قسط کے لئے غریب عوام کی ہڈیاں تک نچوڑیں جارہی ہیں اور دوسری جانب دہائیوں سے اقتدار پر برا جمان جماعتوں سے وابستگی رکھنے والوں نے بیرون ممالک مہنگی جائیدادیں خرید رکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پیش کئے جانے والے ہتک عزت کے نئے قانون پر شدید تحفظات ہیں ، اس قانون کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبایا جائے گا جو کسی صورت قبول نہیں ۔ پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اس کے خلاف شدید رد عمل دے گی اور بھرپور آواز بلند کرے گی ، صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی اس بل پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔