ناظم آباد ٹاون میں انسداد تمباکو نوشی کے حوالے سے ٹریننگ سیشن کا انعقاد

بدھ 15 مئی 2024 23:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) ناظم آباد ٹاون میں انسداد تمباکو نوشی کے حوالے سے ٹریننگ سیشن کا انعقاد۔ محکمہ انسداد تمباکو نوشی سندھ کے کو آرڈینٹربلال ظفر سولنگی نے بریفنگ دی، اس موقع چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر، وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاون محمدنعمان صدیقی،میونسپل کمشنر اقتدار علی جعفری،فوکل پرسن شاہد، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ آصف بیگ، ڈائریکٹر کونسل عبید عالم، ڈائریکٹر پارکس آصف حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن خدیجہ تسلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریریز ایاز طارق و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے، ٹریننگ سیشن میں چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے کہا کہ انسداد تمباکو نوشی قانون پر عملدرآمدکرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تمباکو نوشی خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہے، تمباکو کا ہر پتہ جان لیوا ہے، سید محمد مظفر نے کہا کہ انسداد تمباکو نوشی قانون پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے ناظم آباد ٹاون ہر ممکنہ تعاون کرے گا، اس سلسلے میں عوامی آگاہی مہم کے ساتھ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لئے ٹاون کونسل میں قرارداد منظور کروانے کے بعد ناظم آباد ٹاون کی حدود میں عوامی مقامات،پبلک ٹرانسپورٹ، پارکس،میں تمباکو نوشی پر پابندی لگانے کے ساتھ ٹان کے زیر انتظام تمام دفاتر، تعلیمی ادارے، صحت کے مراکز و دیگر پبلک مقامات کو مکمل تمباکو نوشی سے پاک بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ کی فروخت، سگریٹ کے کھلے پیکٹ کی فروخت، تعلیمی اداروں کی پچاس میٹر کی حدود میں سگریٹ بشمول تمباکو کی دیگر اشیا کی فروخت کی مکمل ممانعت کی جائے گی، محکمہ ٹریڈ لائسنس ڈیپارٹمنٹ ان تمام شقوں کو یقینی بنانے کے لئے دوکانداروں کو پابند کرے گی اور اس سلسلے میں دکانداروں کو پابند کرنے کے لئے حلف نامہ لے گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں ٹان میونسپل کارپوریشن ناظم آباد دکانداروں پرجرمانہ کرے گی تاکہ تمباکو سے پاک ماڈل ٹان کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔