فلسطینیوں کی جاری نسل کشی پر خاموش رہنا انسانیت نہیں ‘متحدہ علما کونسل

موجودہ حالات میں پورے عالم اسلام کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اشدضرورت ہے

جمعرات 16 مئی 2024 13:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہفلسطینیوں کی جاری نسل کشی پر خاموش رہنا انسانیت نہیں،اسرائیلی مظالم کیخلاف فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، موجودہ حالات میں پورے عالم اسلام کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اشدضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹرپر مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر ایک عرصہ سے حل طلب ہیں جنہیں دونوں خطوں کے مظلوم عوام کے مطالبات کے تحت نمٹانے میں اقوام متحدہ ناکام ثابت ہوئی ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر اور بھارت مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ تور رہا ہے جس پر اقوام عالم کی خاموشی انسانی المیہ کو جنم دے چکی ہے ۔