Live Updates

فواد چوہدری نے سپریم کورٹ سے آج کی سماعت براہ راست نہ دکھائے جانے پر سوال اُٹھا دیا

لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کمیٹی نے کردیا تو چیف جسٹس کیسے تبدیل کرسکتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 13:01

فواد چوہدری نے سپریم کورٹ سے آج کی سماعت براہ راست نہ دکھائے جانے پر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سپریم کورٹ سے آج کی سماعت براہ راست نہ دکھائے جانے پر سوال اُٹھا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مقدمات کی سماعت کو براہ راست دکھانے کے لیے چیف جسٹس نے ایک کمیٹی بنائی تھی، یہ کمیٹی نیب ترامیم کیس کے مقدمے کی لائیو سٹریم کا فیصلہ دے چکی ہے، ایک بار جب لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کمیٹی نے کردیا تو چیف جسٹس کیسے تبدیل کرسکتے ہیں؟، عمران خان کی پیشی کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے کیوں کہ عوام انہیں دیکھنا اور سُننا چاہتے ہیں۔

ویڈیو لنک پیشی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی سامنے آنے والی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جیسا میں نے پہلے کہا تھا کہ عمران خان اپنے 2015/16ء کے فٹنس لیول پر ہیں، اس تصویر سے لوگ اب خود بھی دیکھ لیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نیب ترامیم کیس میں ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر پیشی کے انتظامات مکمل کیے، جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پیشی سے آگاہ کیا، متوقع ویڈیو لنک پیشی سے قبل کیمیونی کیشن ٹیسٹ بھی مکمل کیا گیا جب کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم نے سکائی بلیو رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی اور ان کے ہاتھ میں پانی کی بوتل بھی موجود تھی۔

بتایا جاریا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دی ہے، جہاں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ میں شامل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات