Live Updates

سپریم کورٹ سے عمران خان کی تصویر منظر عام پر آنے کی تحقیقات شروع

دوران سماعت کمرہ عدالت میں جانے والے افراد کی تلاشی میں بھی اضافہ کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 13:10

سپریم کورٹ سے عمران خان کی تصویر منظر عام پر آنے کی تحقیقات شروع
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) سپریم کورٹ آف پاکستان سے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی تصویر منظر عام پر آنے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران ویدیو لنک پر موجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے سپریم کورٹ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ذرائع کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ عمران خان کی تصویر کمرہ عدالت کے بائیں جانب بیٹھے افراد میں سے کسی نے بنائی، جس کے باعث کمرہ عدالت کی بائیں جانب موجود افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی، اس کے علاوہ کمرہ عدالت میں جانے والے افراد کی تلاشی میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نیب ترامیم کیس میں ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر پیشی کے انتظامات مکمل کیے، جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پیشی سے آگاہ کیا، متوقع ویڈیو لنک پیشی سے قبل کیمیونی کیشن ٹیسٹ بھی مکمل کیا گیا جب کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم نے سکائی بلیو رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی اور ان کے ہاتھ میں پانی کی بوتل بھی موجود تھی، سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی کی تصویر سامنے آنے کے بعد تیزی سے سوشل میدیا پر وائرل ہوگئی۔


بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دی ہے، جہاں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ میں شامل ہیں۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ’اٹارنی جنرل صاحب کیا ویڈیو لنک قائم ہو گیا؟ کیا عمران خان کنیکٹ ہیں؟‘، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ’جی! ویڈیو لنک کے تمام انتظامات مکمل ہیں‘، سپریم کورٹ کی ہدایت پر وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل کا آغاز کیا تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مخدوم علی خان آپ اونچی آواز میں بولیں تاکہ عمران خان بھی آپ کو سُن سکیں‘۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات