گندم خریدنے سے کرپشن کے انبار لگتے تھے میں نے وہ راستہ بند کردیا، مریم نواز

کسانوں کے لیے 4 ماہ میں 400 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتی ہوں، ن لیگ کی حکومت پانچ سال پورے کر گئی تو پاکستان اور پنجاب تبدیل نظر آئے گا۔ پھول نگر میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 13:42

گندم خریدنے سے کرپشن کے انبار لگتے تھے میں نے وہ راستہ بند کردیا، مریم ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گندم خریدنے سے کرپشن کے انبار لگتے تھے میں نے وہ راستہ بند کردیا۔ لاہور کے نواحی علاقہ پھول نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام کے لیے روٹی سستی کرنے کے لیے کھڑی ہوں، روٹی 25 روپے سے 15 روپے پر آگئی ہے، کسان کارڈ سے کسان کھاد اور بیج خرید سکیں گے، کسانوں کے لیے 4 ماہ میں 400 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو علاج کے لیے کسی اور شہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیوں کہ ہم نے کنٹینر میں فیلڈ ہسپتال بنا کر پورے پنجاب میں بھیج دیئے ہیں، ہمارے 200 کلینکس آن وہیلز آپ کی دہلیز تک پہنچ کر علاج کریں گے، کلینکس آن وہیلز کی سہولت سے 30 ہزار لوگوں کا علاج ہو چکا ہے، غریب کے بچے کو وہی تعلیم اور علاج دینا ہے جو امیر کے بچے کے پاس ہے، صبح سے رات تک صحت اور تعلیم کے منصوبے بناتی ہوں، پورے پنجاب میں 300 رورل ہیلتھ سینٹرز ہیں، مجھے ابھی آئے 2 ماہ ہوئے ہیں، 2 ماہ میں تو لوگ وعدے کر رہے ہوتے ہیں کہ یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے، مریم نواز نے 2 ماہ میں پھولنگر میں نیا ہسپتال بنا دیا ہے، چند ماہ میں پنجاب کے ہسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے، آئندہ پانچ سال میں پنجاب کا کوئی ایسا ہسپتال نہیں ہوگا جہاں مفت علاج کی سہولت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب میں 590 سڑکیں بنانے کے پروگرام پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک 5 سال بعد ٹوٹی ہوئی نظر نہیں آئے گی، نوازشریف کی ہدایت ہے غریبوں کی فلاح کیلئے کام کریں، اپنے ایم پی ایز کو کہتی ہوں پولیس والوں کی سفارشیں کرنا چھوڑ دیں، جب سیاسی بنیادوں پر پوسٹنگز ہوں گی تو پولیس پرفارمنس نہیں دے سکتی، مجھے پنجاب کے 13 کروڑ عوام کا مفاد زیادہ عزیز ہے، میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں کم کروں گی، پیاز کے بغیر کھانا نہیں پکتا، جب میری حکومت آئی تو پیاز 300 روپے کلو سے اوپر تھا آج 100 روپے کلو ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جب بھی نوازشریف کی حکومت آتی ہے سازش کے ذریعے ختم کر دی جاتی ہے، اب نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا سفر شروع ہوا ہے، اس کو رکنے نہیں دینا، شہباز شریف اور مریم، نوازشریف کے سپاہی ہیں، حکومت نوازشریف کی ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت پانچ سال پورے کر گئی تو پاکستان اور پنجاب تبدیل نظر آئے گا۔