Live Updates

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور عمران خان ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرا دیئے

’عمران خان سوالات نوٹ کرلیں آپ سے جواب لیں گے‘ چیف جسٹس کا سابق وزیراعظم سے مکالمہ اور زیر لب مسکراہٹ، جواباً عمران خان بھی منہ پر ہاتھ رکھ کر مُسکرائے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 14:14

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور عمران خان ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرا دیئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھی گئی جب چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان پم آپ سے مخدوم علی خان کے سوالات کے جواب لیں گے، آپ یہ نکات نوٹ کرلیں‘، ان ریمارکس کے ساتھ چیف جسٹس نے سیر لب مسکراہٹ کے ساتھ سابق وزیراعظم کی جانب دیکھا، اس کے جواب میں عمران خان بھی قاضی فائز عیسٰی کی مسکراہٹ دیکھ کر منہ پر ہاتھ رکھ کر مسکرا دیئے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نیب ترامیم کیس میں ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر پیشی کے انتظامات مکمل کیے، جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پیشی سے آگاہ کیا، متوقع ویڈیو لنک پیشی سے قبل کیمیونی کیشن ٹیسٹ بھی مکمل کیا گیا جب کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم نے سکائی بلیو رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی اور ان کے ہاتھ میں پانی کی بوتل بھی موجود تھی، سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی کی تصویر سامنے آنے کے بعد تیزی سے سوشل میدیا پر وائرل ہوگئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان سے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی تصویر منظر عام پر آنے کی تحقیقات شروع کردی گئیں،، اس حوالے سے سپریم کورٹ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، ذرائع کی جانب سے کہا گیا کہ عمران خان کی تصویر کمرہ عدالت کے بائیں جانب بیٹھے افراد میں سے کسی نے بنائی، جس کے باعث کمرہ عدالت کی بائیں جانب موجود افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی، اس کے علاوہ کمرہ عدالت میں جانے والے افراد کی تلاشی میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات