Live Updates

&گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جاتی عمرہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات

ا* گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال، دونوں اطراف نے پنجاب میں پائیدار ترقی اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار

جمعرات 16 مئی 2024 19:35

ژ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جاتی عمرہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے پنجاب میں پائیدار ترقی اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اقتصادی ترقی، گندم کے بحران، گورننس، تعلیم، صحت کی سہولیات، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہماری توجہ عوام کی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پیج پر ہونا چاہیے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ وفاق اور پنجاب حکومت کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت گندم خریداری کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب کو گورنر ہاؤس سے مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر آئینی عہدے کا احترام کیا جاتا ہے، صوبے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ایک آئینی عہدہ ہے جو صوبوں اور وفاق کے درمیان ایک کڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبے بھر میں مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، روڈ انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہت سے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ محروم طبقات کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے خصوصی سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کیے گئے ہیں اور صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات