وزیراعظم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل تشکیل دیدی

شہباز شریف اکنامک ایڈوائزری کونسل کی سربراہی کریں گے، نوٹیفکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مئی 2024 13:10

وزیراعظم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل تشکیل دیدی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے اکنامک ایڈوائزری کونسل کی تشکیل کردی، فنانس ڈویژن نے اکنامک ایڈوائزری کونسل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اکنامک ایڈوائزری کونسل کی سربراہی کریں گے، اکنامک ایڈوائزری کونسل میں جہانگیر ترین، ثاقب شیرازی، شہزاد سلیم شامل ہیں، اس کے علاوہ مصدق ذوالقرنین، ڈاکٹر اعجاز نبی، آصف پیر، زیاد بشیر، اور سلمان احمد بھی ایڈوائزری کونسل کا حصہ ہیں۔

اسی طرح وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے منتخب مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، علی پرویز ملک کو وزیر مملکت تعینات کرنے کی سمری صدر کو ارسال کردی گئی ۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابتدائی طور پر وزیراعظم شہبازشریف کی 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا، وفاقی کابینہ میں 5 وزرا کی بطور غیر منتخب شخصیات تعیناتی کی گئی بعد ازاں وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کو قلمدان سونپے گئے، خواجہ محمد آصف کو دفاع، محمد اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، عطا ﷲ تارڑ کو وزارت اطلاعات، عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری، محمد احسن اقبال کو منصوبہ بندی کی وزارت ملی۔

اسی طرح چوہدری سالک حسین کو اوورسیز پاکستانی اور محسن نقوی کو وزرات داخلہ کا قلمدان دیا گیا، جام کمال خان کو وزارت تجارت، رانا تنویر حسین کو صنعت و پیداوار، مصدق ملک کو پیٹرولیم، اعظم نذیر تارڑ کو قانون، خالد مقبول صدیقی کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، قیصر شیخ، ریاض پیرزادہ ، احد چیمہ، اویس لغاری کو ریلوے اور محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا قلمندان ملا جب کہ احد چیمہ کو اکنامک افیئرز اور قیصر احمد شیخ کو میری ٹائمز کی وزارت دی گئی، گذشتہ ماہ شیزا فاطمہ خواجہ کو وزیرمملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن تعینات کیا گیا تھا، وہ وفاقی وزیر کی تعیناتی تک وزیراعظم آئی ٹی کے انچارج وزیر رہیں گے۔