شہریوں کو شدید ہیٹ ویو سے بچانے کےلئے اقدامات کرلئے ،ایم ڈی واسا فیصل آباد

بدھ 22 مئی 2024 14:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) ایم ڈی واسا فیصل آباد عامر عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہریوں کو شدید ترین ہیٹ ویو سے بچانے کےلئے اقدامات کرلئے گئے،شہریوں کو پانی کی فراہمی کےلئے گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں اور چوک گھنٹہ گھر میں واٹر باؤزر متعین کر دیے گئے ہیں جو صبح بازاروں کے کھلنے سے شام بند ہونے تک وہیں موجود رہیں گے۔

یہ بات انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ واسا واٹر باؤزرز کے ذریعے شہریوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کر رہا ہے اور یہ اقدام حالیہ ہیٹ ویو میں شہریوں کو پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کےلئے اٹھایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت میں اضافے کے پیش نظر صارفین سے پانی کے ضیاع کو روکنے کی درخواست کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ واسا انتظامیہ صارفین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کیساتھ ہی پانی کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے ، صارفین ضرورت کے مطابق پانی کا استعمال کریں۔ایم ڈی واسا نے خبردار کیا کہ صارفین واٹر سپلائی کے اوقات کے دوران ہی پانی کا ذخیرہ کریں اور مقرر کردہ اوقات کے بعد موٹرزچلا کر پانی ہرگز حاصل نہ کریں کیونکہ گرمی کے موسم میں موٹرز چلا کر پائپ لائن میں موجود پانی سک کرنے سے اس میں آلودگی شامل ہونے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا کی جانب سے مقررہ شیڈول کے مطابق پانی کی سپلائی جاری ہے ،تاہم صارفین بھی پانی کو محفوظ بنانے کےلئے خصوصی اقدامات کریں۔\932