ضلعی زکوٰة آفس کے زیر اہتمام زکوٰة کی آگاہی کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام

بدھ 22 مئی 2024 16:50

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) محکمہ زکوٰة و عشر پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی زکوٰة آفس قصور کے زیر اہتمام زکوٰة کی آگاہی کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر قصور اشفاق احمد خاں ،انجمن تاجران ، سول سوسائٹی اور محکمہ ہذا کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اشفاق احمد خاں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰة ایک مذہبی فریضہ ہے جو صاحب حیثیت افراد سے لیکر غرباء و مساکین میں تقسیم کی جاتی ہے۔

محکمہ زکوٰة و عشر پنجاب کے زیر اہتمام بیوگان، معذور افراد اور غرباء کو گزارہ الاؤنس کی صورت میں زکوٰة کی ادائیگی بذریعہ ایزی پیسہ کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ فنی تربیت کے ادارہ جات‘کالجز، یونیورسٹی اور دینی مدارس میں زیر تعلیم غریب بچوں کو زکوٰة فنڈ سے وظائف کی ادائیگی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں کے ذریعے زکوٰة کے حقدار مریضوں کو بھی علاج معالجہ کیلئے مفت ادویات کی صورت میں امداد دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰة کی تقسیم کا طریقہ کار انتہائی صاف اور شفاف ہے۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر کی قیادت میں انکے آفس سے چوک گورانوالا بھٹہ تک آگاہی واک بھی کی گئی اور شہریوں میں آگاہی مفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔