’پراکسی کو پراکسی ہی کہا جائے گا‘ ایمل ولی خان کا نام لیے بغیر فیصل واوڈا کو جواب

بنگال کا مینڈیٹ نہ مان کر ہم نے ملک دو لخت کردیا، آج ہم پھر اسی نہج پر پہنچے ہوئے ہیں، یہ کیا ملک ہے جہاں عدلیہ کرنل کی بات کرتی ہے اور تکلیف ایوان تک پہنچ جاتی ہے۔ سینیٹ اجلاس میں خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مئی 2024 16:23

’پراکسی کو پراکسی ہی کہا جائے گا‘ ایمل ولی خان کا نام لیے بغیر فیصل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2024ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے نام لیے بغیر آزار منتخب ہونے والے سینیٹر فیصل واوڈا کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پراکسی کو پراکسی ہی کہا جائے گا، ہم پہلے بھی استعمال ہوئے اور آج بھی ایوان کو استعمال کیا جارہا ہے، استعمال کرنے والوں کی بات نہیں ہورہی۔ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگال کا مینڈیٹ نہ مان کر ہم نے ملک دو لخت کردیا، آج ہم پھر اسی نہج پر پہنچے ہوئے ہیں، آپ آج بھی عوام کا مینڈیٹ ماننے کو تیار نہیں ہیں، عدلیہ نے ایک آئی ایس آئی کے کرنل کی بات کی تو بات ایوان تک آگئی، آج ہم کیوں پرائی لڑائی میں گھس رہے ہیں؟ اور یہ کیا ملک ہے؟ جہاں عدلیہ کرنل کی بات کرتی ہے اور تکلیف ایوان تک پہنچ جاتی ہے، اسی لیے پراکسی کو پراکسی ہی کہا جائے گا، جو پراکسیز نہیں ہوتے تو ان کو تکلیف نہیں ہوتی، ہمیں غدار کہا گیا مگر ہمیں پتا ہے ہم غدار نہیں اس لیے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ایران کا صدر شہید ہوا پورا ایران باہر نکلا ہوا ہے، آپ کے بانی کا انتقال ہوا کسی کو پتا تک نہیں تھا، ان کے اوپر مکھیاں گھوم رہی تھیں، یہ ایک تلخ حقیقت ہے، قائداعظم محمد علی جناح کو نرم جلا وطنی کے طور پر زیارت بھیجا گیا تھا، آپ یہاں رول آف لاء کی بات کرتے ہیں مگر پہلے اپنی تاریخ تو درست کریں، جس نے پاکستان بنایا اس کو ہی آج تک آزادی نہیں ملی، آج بھی ایسا لگتا ہے کہ بابائے قوم کی تصویر قید ہے۔

قبل ازیں سینیٹ اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ پہلے بھی بے انصافی ہوتی رہی اب تو مجھ پر پراکسی کا الزام لگ گیا ہے، پراکسی کہہ کرمیری ساکھ مجروح کی گئی، نہ کسی کی تذلیل کی اور نہ کسی کو پوائنٹ آؤٹ کیا، اپنی تقریر کے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں، آئین اورقانون ججز کے مس کنڈکٹ پر بات کرنے کی اجازت دیتا ہے، ایگزیکٹو کی ساکھ پر کوئی سوال کرے گا تو ہم سب ساتھ کھڑے ہوں گے۔